بنگلورو،7؍ اگست(ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں بڑھتے ہوئے کورونا کی روک تھام کیلئے حکومت نے رات کا کرفیو اورسرحدی اضلاع میں ویک اینڈ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آج گائیڈ لائنس جاری کردئے ہیں - یہ تازہ گائیڈلائنس 16 اگست تک ریاست بھر میں نافذ رہیں گے - ان تازہ گائیڈ لائنس کے مطابق ریاست بھر میں رات 9بجے سے صبح 5 بجے تک نائٹ کرفیو نافذ رہے گا جس کا اطلاق آج رات سے ہوگیا ہے - سرحدی اضلاع میں ویک اینڈ کرفیو جمعہ کی شب 9بجے پیرکی صبح 5بجے تک نافذ رہے گا- مہاراشٹرا اور کیرلا سے جڑے سرحدی اضلاع میں ویک اینڈ کرفیو جاری کردیا گیا ہے - مہاراشٹرا کے سرحدی اضلاع جیسے بیدر، بیلگاوی، وجیاپورہ، کلبرگی اورکیرلا کے سرحدی اضلاع میسور، چامراج نگر،کوڈگو،جنوبی کنڑا اضلاع میں ویک اینڈ کرفیو آج ہی سے نافذ کرنے احکامات جاری کردئے گئے ہیں -ان اضلاع میں ویک اینڈ کرفیو کے دوران اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے صبح 5بجے تا دوپہر دو بجے رعایت دی گئی ہے -فٹ پاتھ کے تاجروں اور گلی گلی پھر کر تجارت کرنے والوں کو بھی صبح 5بجے تا دوپہر دوبجے کی ڈھیل دی گئی ہے - پارسل ڈیلیوری کرنے والوں کیلئے بھی صبح 5بجے تا دوپہر 2بجے موقع فراہم کیا گیا ہے - ہوٹلوں اور ریسٹورنٹ میں صرف پارسل دینے کی اجازت ہوگی - ویک اینڈ میں سرکاری اور پرائیویٹ بسوں کو دوڑنے کی اجازت دی گئی ہے -ہوائی جہاز اور ریل گاڑی کی ٹکٹیں پیش کرکے مسافرکیلئے آنے جانے کی سہولت رہے گی-شادیوں میں صرف ایک سو باراتیوں کے شرکت کی اجازت دی گئی ہے کسی بھی شخص کے آخری رسومات میں صرف 20 افراد کی شرکت کی اجازت دی گئی ہے-